اسلام آباد سے لاپتا 13 سالہ لڑکی کے اغوا کا ڈراپ سین
لڑکی گھریلو ناچاقی کے سبب اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر ایک لڑکے کے ساتھ چلی گئی
کراچی:
اسلام آباد سے لاپتا ہونے والی اسکردو کی 13 سالہ لڑکی کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، لڑکی گھریلو ناچاقی کے سبب اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر ایک لڑکے کے ساتھ چلی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاقے علی پور سے چند روز قبل لاپتا ہونے والی 13 سالہ لڑکی قرۃ العین کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، لڑکی راولپنڈی سے اسکردو جانے والی گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔
اس حوالے سے برآمدگی کے بعد قرۃ العین نے تھانہ اسکردو ائیر پورٹ کے ایس ایچ کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا ہے جس میں اس کے اغوا ہونے کا بھانڈہ پھوٹ گیا۔ ایکسپریس نیوز نے اس بیان کی کاپی حاصل کرلی۔
لڑکی کے بیان کے مطابق وہ گھریلو ناچاقی پر تنگ آ کر خود اپنی مرضی سے گھر سے غائب ہوئی، اویس پٹھان نامی لڑکے کے ساتھ گئی بعدازاں ارشد نامی لڑکے نے پشاور رشتہ داروں کے گھر بھجوا دیا۔
قرۃ العین نے پولیس کو بتایا کہ پانچ دن پشاور میں گزارنے کے بعد بلال نامی نوجوان نے اسکردو کے لیے کوسٹر پر بٹھایا، اسکردو میں کوسٹر کو کچورا چیک پوسٹ پر روک کر پولیس نے دوران چیکنگ قرۃ العین کو تحویل میں لے لیا۔
اطلاعات ہیں کہ ایس ایچ او تھانہ اسکردو ائیر پورٹ نے قرۃ العین کا ابتدائی بیان ایس ایس پی اور ڈی ایس پی کو ارسال کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لڑکی کے لاپتا ہونے پر اہل خانہ و رشتہ داروں نے احتجاج بھی کیا تھا اور سڑک بند کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔