ججز تقرری کا معاملہ جسٹس فائزکا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے پر تحفظات کا اظہار

گرمیوں کی تعطیلات کے دوران جوڈیشل کمیشن اجلاس بلانے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ


ویب ڈیسک June 27, 2022
—فائل فوٹو

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سندھ ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں ججز تقرری کے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ نہ تو مجھے چیف جسٹس پاکستان اور نہ ہی رجسٹرار سپریم کورٹ نے اجلاسوں سے متعلق آگاہ کیا، گرمیوں کی تعطیلات کے دوران جوڈیشل کمیشن اجلاس بلانے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاسوں کو مؤخر کیا جائے کیونکہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹس میں بھی موسم گرما کی تعطیلات چل رہی ہیں اور غیر قانونی طریقے سے جوڈیشل کمیشن اجلاس نہیں بلایا جاسکتا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم سب کو آئینی ذمہ داری سے آگاہ ہونا چاہیے، عوام کی تقدیر سے غیر آئینی طریقے سے نہ کھیلا جائے، غیر قانونی طور پر جوڈیشل کمیشن اجلاس بلانا بھی ہے تو ویڈیو لنک کی سہولت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ میں بطور وکیل پریکٹس والا جوڈیشل کمیشن کا واحد رکن ہوں، جوڈیشل کمیشن کے سینئر رکن کو اجلاس سے آگاہ نہ کرنا کیا اسکی توہین نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججز کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن اجلاس 28 جون کو ہوگا جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں 13 ایڈیشنل ججز کی مستقلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن اجلاس 29 جون کو ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔