زکام کی ویکسین لگوانے والے افراد میں الزائمر کے امکانات کم ہوتے ہیں تحقیق

بوڑھے افراد میں زکام کی ویکسی نیشن متعدد برس تک الزائمر کی بیماری کے خطرات کو کم رکھتی ہے، تحقیق

وہ افراد جو ہر سال زکام کے لیے ویکسین لیتے تھے ان میں الزائمر کا مرض ہونے کے امکانات سب سے کم تھے

ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے کم از کم ایک بار وبائی زکام کی ویکسین لگوائی ہے ان میں چار سال کے دوران الزائمر میں مبتلا ہونے کے امکانات 40 فی صد کم ہوجاتے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں قائم یو ٹی ہیلتھ کے میڈیکل اسکول میں ایورام ایس بیوکبِنڈر کی رہنمائی کی جانے والی تحقیق میں پورے امریکا سے تعلق رکھنے والے 65 برس اور زیادہ عمر کے افراد میں زکام کی ویکسین لینے اور نہ لینے والوں کے درمیان الزائمر کی بیماری کے حوالے سے موازنہ کیا گیا۔

اس تحقیق میں ماہرین نے 9 لاکھ 35 ہزار 887 زکام کے ویکسین شدہ مریض اور اتنے ہی غیر ویکسین شدہ مریضوں کا معائنہ کیا۔


تحقیق کے سربراہ بیوکبِنڈر کا کہنا تھا کہ تحقیق میں معلوم ہوا کہ بوڑھے افراد میں زکام کی ویکسی نیشن متعدد برس تک الزائمر کی بیماری کے خطرات کو کم رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ افراد جو ہر سال زکام کے لیے ویکسین لیتے تھے ان میں الزائمر کا مرض ہونے کے امکانات سب سے کم تھے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس چیز پر تحقیق کی جانی چاہیے کہ آیا زکام کی ویکسی نیشن کا تعلق ڈیمینشیا میں مبتلا مریضوں میں ارتقائی علامات کی شرح سے بھی ہے۔
Load Next Story