افغانستان سے کوئلہ ڈالرز کے بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری
عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمت میں اضافہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس میں مہنگی بجلی پیدا کرنے کی اہم وجہ ہے، وزیراعظم
HARIPUR:
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لیے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی نقل و حمل کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر توانائی انجینئیر خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وزراء اور متعلقہ حکام شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بین الاقوامی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے ملک میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کا بنیادی سبب قرار دیا۔
وزیر اعظم نے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لیے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دی، جس سے نہ صرف سستی بجلی پیدا کرنے بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر صرف ساہیوال اور حب پاور پلانٹس کے لیے درکار کوئلے کی افغانستان سے درآمد پر امپورٹ بل میں سالانہ 2.2 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوگی۔
وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لیے موثر نظام وضع کریں تاکہ ملک میں سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔
وزیر اعظم نے وزارت ریلوے کو بھی ہدایت کی کہ وہ افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔
وزیر اعظم نے درآمدی عمل کو تیز تر بنانے کے لیے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں تمام متعلقہ حکام کی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔