اردن میں زہریلی گیس سے بھرا ٹرک الٹنے سے 10 افراد جاں بحق
زہریلی گیس کے اثرات سے بچنے کیلئے محکمہ صحت نے شہریوں سے گھروں میں رہنے اور کھڑکی، دروازے بند رکھنے کی گزارش کردی
اردن کے ساحلی شہر میں زہریلی گیس پھیلنے سے 10 افراد جاں بحق جب کہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زہریلی گیس پھیلنے کا واقعہ اردن کے ساحلی شہر عقابہ میں اس وقت پیش آیا جب زہریلی گیس سے بھرا ہوا ٹرک اچانک الٹ گیا۔
زہریلی گیس کے پھیلتے ہی لوگوں نے جان بچاکر بھاگنا شروع کردیا اس کے باوجود 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 251 شہری گیس سے شدید متاثر ہوئے۔
سیکیورٹی اور ریسکیو اہلکاروں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کیا اور علاقے کو سیل کردیا۔
اردنی نشریاتی ادارے کے مطابق کچھ افراد کو طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا تھا تاہم 199 متاثرین اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں سے گھروں میں رہنے اور کھڑکی، دروازے بند رکھنے کی گزارش کی ہے، مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے قریبی رہائشی علاقہ بھی 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔