چین سے کراچی کیلئے مزید 100 بسیں بندرگاہ پہنچ گئیں شرجیل انعام میمن
یکم جولائی سے پیپلز بس سروس روٹ2 پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی،شرجیل انعام میمن
کراچی:
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز پیپلز بس سروس کے روٹ ون کا آغاز ہوگیا ہے ، انشاء اللہ یکم جولائی کو روٹ2 پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی،جبکہ دو ماہ کے اندر کراچی کے تمام سات روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے شہریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے پر تیزی سے گامزن ہے، پیپلز بس سروس کے آغاز کے بعد بہت جلد اوورنگی کے شہریوں کےلئے اورینج لائن کا بھی آغاز کردیا جائے گا، مجموعی طور پر پیپلز بس سروس کی 240 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سالوں میں مزید بسیں لائی جائیں گی،چین اور ترکی کی دو کمپنیوں سے کراچی میں بسوں کے مینیوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بسوں کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو جاتا ہے،شہری بس سروس کو کامیاب اوران کی حفاظت کریں۔