زرداری اور شریف خاندان اپنی آدھی دولت لے آئیں تو پاکستان بحران سے نکل جائے گا عمران خان

عوام دو جولائی کو مہنگائی کے خلاف پُرامن احتجاج کریں، پی ٹی آئی چیئرمین

عمران خان،فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان اپنی دولت کا پچاس فیصد حصہ لے آئیں تو پاکستان بحران سے نکل جائے گا۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گالہ بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت اور جمہوریت اخلاقی قوت سے چلتی ہے ڈنڈوں سے نہیں، پی ٹی آئی کے کارکنان اور مظاہروں میں شریک لوگوں پر تشدد کرنے والوں کے چہرے ہمیں یاد ہیں جن سے حساب لیں گے۔

عمران خان نے عوام سے پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے بیورکریسی اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ شریف خاندان کی غلامی سے باہر آجائیں، حمزہ کی حکومت جلد ختم ہوجائے گی اور یہ سوشل میڈیا کا دور ہے ساری باتیں اور چیزیں انٹرنیٹ پر موجود ہوں گی'۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں پہلی معاشی اور پھر سیاسی بحران پیدا کیا گیا جبکہ بیرونی سازش سے پاکستان میں پہلے سیاسی اور پھر معاشی بحران پیدا کیا گیا جبکہ میں نے نیوٹرل کو متعدد بار متنبہ کیا اور شوکت ترین کو بھی بتانے بھیجا تھا کہ اس سازش کے کامیاب ہونے پر ملک و قوم کو بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔


مزید پڑھیں: ہم نے مشکل حالات میں بھی عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ہم پر بھی قیمتیں بڑھانے کا دباؤ تھا مگر ہم نے اُن کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا، نئی حکومت نے پیٹرول، بجلی، گیس ہر چیز کی قیمتیں بڑھا دیں، گزشتہ دو ماہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے جبکہ جولائی میں مہنگائی مزید اور بڑھ جائے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے اپنا ذہن استعمال کیا جبکہ موجودہ حکومت ڈنڈے کے زور پر ڈرا دھمکا رہی ہے تاہم یہ طریقہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دو جولائی کو میں اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں احتجاجی جلسے سے خطاب کروں گا جبکہ آپ لوگ اپنے اپنے شہروں میں نکل کر مہنگائی اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج کریں۔
Load Next Story