سیلفی لینے کی کوشش ڈسٹرکٹ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر دریائے سوات میں ڈوب گئیں

مرحومہ نے کوویڈ کے دوران گراں قدر خدمات سرانجام دیں تھیں

دریائے سوات بحرین (فوٹو ایکسپریس و انٹرنیٹ)

خیبرپختونخواہ کی وادی سوات کے علاقے بحرین میں سیلفی لینے کے دوران ضلعی نرسز ایسوی ایشن پشاور کی صدر مریم امبرین دریائے سوات میں ڈوب گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بحرین میں دریائے سوات میں سیلفی لینے کے دوران ڈسڑکٹ نرسز ایسوسی ایشن پشاور کی صدر مریم امبرین پاؤں پھسلنے سے دریا میں گرگئی۔

جنرل سیکرٹری پراونشل نرسنگ ایسوسی ایشن انور سلطانہ نے بتایا کہ امبرین ایک ورکشاپ میں شرکت کے لیے سوات گئیں اور پروگرام ختم ہونے کے بعد سیر کی غرض سے بحرین گئیں تھیں۔


انہوں نے بتایا کہ امبرین بحرین میں دریائے سوات کے کنارے ایک پتھر پر کھڑی ہوکر سیلفی لینے کی کوشش کررہی تھیں کہ اس دوران اُن کا پاؤں پھسلا اور وہ دریا میں گر گئیں۔

عینی شاہدین نے متعلقہ حکام کو واقعے کی اطلاع دی تو انہوں نے لاش کو پانی سے نکالا اور ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

انور سلطانہ کا کہنا ہے کہ مرحومہ نے کوویڈ کے دوران گراں قدر خدمات سرانجام دیں تھیں اور وہ جانفشانی کے ساتھ اپنا کام کرتی تھیں۔
Load Next Story