ٹھوڑی پر گٹار متوازن کرکے 5 کلومیٹر چلنے کا نیا ریکارڈ قائم

عالمی ریکارڈ بنانے کے ماہر ڈیوڈ رش نے ایک اور مشکل کام انجام دے کر دنیا کو حیران کردیا ہے

امریکی ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ رش نے اپنی ٹھوڑی پر گٹار توازن کرکے پانچ کلومیٹر سے زائد چلنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوٹو: فائل

امریکا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیمی اہمیت پر کام کرنے والی مشہور شخصیت ڈیوڈ رش نے اپنی ٹھوڑی پر بھاری گٹار توازن کرکےساڑھے پانچ کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ اس سے قبل کئی اہم کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں اور کل 250 سے زائد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ ان تمام ریکارڈ کے باوجود وہ مسلسل نئے شعبدوں اور ریکارڈ کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ نوجوانوں میں علم وسائنس کو پروان چڑھایا جائے۔




اب نئی کاوش میں انہوں نے مسلسل ساڑھے پانچ کلومیٹر تک گٹار کو ٹھوڑی پر سیدھا رکھ کر ایک لمبا سفر طے کیا جو ایک دوڑ کے میدان میں پورا کیا گیا ہے۔ اس ریکارڈ کو بنانے میں انہیں ایک گھنٹہ سات منٹ لگے ہیں۔ یہاں تک کہ اس کے بعد گٹار لڑھک کر گرپڑا لیکن اس وقت تک وہ اپنا ریکارڈ قائم کرچکے تھے۔

ڈیوڈ نے بتایا کہ گٹار کو چہرے پر رکھ کر چلنے میں کئی دفعہ تیز ہوا کا سامنا ہوا اور اس وقت بیلنس کرنے کا عمل بہت مشکل تھا۔ ایک موقع پر مسلسل سر اونچا رکھنے پر انہیں شدید چکر آئے لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور اپنا سفر جاری رکھا۔
Load Next Story