ناقص کارکردگی کے حامل درجنوں حج ٹور آپریٹرز کو نوٹس جاری

حج سیزن 2013 کے دوران عازمین حج کوقواعد کے مطابق سہولتیں فراہم نہیں کی تھیں

اس وقت ملک بھر میں745پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرز عازمین حج کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وفاقی وزارت مذہبی امور نے ناقص کارکردگی کے حامل درجنوں حج ٹور آپریٹرز کو نوٹس جاری کردیے، کوٹا منسوخ ہونے کا امکان ہے۔


ٹور آپریٹرز نے حج سیزن 2013 کے دوران عازمین حج کو قواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں فراہم نہیں کیں جس کی وجہ سے عازمین حج کو سعودی عرب میں مشکلات پیش آئیں۔وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج سیزن2013 میں فریضہ حج ادا کرنے والے حجاج کرام سے کہا تھا کہ وہ ان حج ٹورآپریٹرز کی نشاندہی کریں جنھوں نے حج سیزن کے دوران عازمین حج کو قواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں فراہم نہیں کیں جس کے جواب میں وزارت مذہبی امور کو بے شمار شکایات موصول ہوئیں ان شکایات کا وزارت مذہبی امور نے سخت نوٹس لیا ہے اور ٹورآپریٹرز سے وضاحت طلب کر لی ۔

ذرائع کے مطابق سنگین نوعیت کی شکایات کے حامل حج ٹورآپریٹرز کا کوٹا منسوخ کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں745پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرز عازمین حج کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت پرائویٹ ٹورآپریٹرز پچاس فیصد عازمین حج کو فریضہ حج کرانے کے انتظامات کرتے ہیں جبکہ پچاس فیصد عازمین حج کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت انتظامات کیے جاتے ہیں۔وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور ہرسال پرائویٹ حج ٹورآپریٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کرتی ہے اور جن ٹورآپریٹرز کیخلاف سنگین نوعیت کی شکایات ہوں گی ان کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔
Load Next Story