ورلڈ کپ پاکستان لانچنگ پیڈ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہاں

سہ ملکی سیریز سے تیاریوں کوحتمی شکل دینے میں مددملے گی، انجری کے سبب گذشتہ دورۂ نیوزی لینڈ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکا


Sports Reporter June 29, 2022
کرائسٹ چرچ میں میچز کا شیڈول جاری، گرین شرٹس کا 9 اکتوبر کو کیویز سے پہلا معرکہ فوٹو: سوشل میڈیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان لانچنگ پیڈ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل انٹرنیشنل میچز سے پاکستان کو بھرپور تیاریوں کا موقع مل رہا ہے،گرین شرٹس کولمبو میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں شرکت کریں گے،ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا، وطن واپسی کے بعد ٹیم انگلینڈ سے ہوم سیریز میں مختصر فاریٹ کے 7میچز کھیلے گی،پھر 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔

نیوزی لینڈ میں میزبان، پاکستان اوربنگلہ دیش میں سہ ملکی سیریز کی تصدیق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے صحافیوں سے گفتگو میں کردی تھی،اب اس کا شیڈول بھی جاری ہوگیا، ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 8 سے 14 اکتوبر تک تینوں ٹیمیں ورلڈکپ کی مہم جوئی کیلیے لانچنگ پیڈ کا بھرپور استعمال کرنے کی کوشش کریں گی،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل سہ ملکی سیریز میں شرکت کا موقع ملنے پر ہم بہت مسرور ہیں۔

اس سے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی، عالمی نمبر ون بیٹر نے کہا کہ میں ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث ٹیم کے گذشتہ دورئہ نیوزی لینڈ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکا تھا،اب2مضبوط ٹیموں سے مقابلوں کا بے تابی سے منتظر ہوں۔

گزشتہ روز جاری کردہ شیڈول کے مطابق سہ ملکی سیریز کے پہلے روز 8اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان اپنا پہلا میچ 9 تاریخ کو میزبان کیخلاف کھیلے گا۔

گرین شرٹس اگلے روز بنگلادیش کے مقابل ہوں گے،11 اکتوبرکو کیویز کا سامنا بنگال ٹائیگرزسے ہوگا،پاکستان ٹیم 12 اکتوبر کو دوبارہ بنگلہ دیش کے چیلنج کا سامنا کرے گی،پھر اگلے روز کیویز کے خلاف میدان میں اترنا ہوگا۔

فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، سیریز مکمل ہونے کے بعد گرین شرٹس آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے جہاں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں بھارت سے ہوگا، میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنے اگلے 2 میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائرز کے خلاف کھیلے گی، پھر 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 تاریخ کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش سے سامنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں