کراچی میں ڈکیتوں کا راج مزاحمت پر ایک شخص قتل ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل سمیت 2 زخمی

مقتول کولڈ ڈرنک ایجنسی کا مالک تھا، مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار


ویب ڈیسک June 29, 2022
پولیس نے گرفتار ہونے والے زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کردیا (فوٹو فائل)

ISLAMABAD: شہر قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔ لوٹ مار کی مختلف وارداتوں کے دوران ایک شخص جاں بحق جب کہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا جب کہ مبینہ مقابلوں میں پولیس نے 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے۔

شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں بے رحم ڈاکو واردات کے دوران مزاحمت پر شہریوں پر براہ راست گولیاں چلانے لگے۔

پاپوش نگر تھانے کی حدود ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ہوٹل کے مالک کو زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے ۔ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ احمد ریاض ولد محمد فضل کے نام سے کی گئی ، جو ہوٹل کا مالک اور 5 بچوں کا باپ تھا ۔پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی وارات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ اسپتال منتقل کیے گئے زخمی شخص کی شناخت 22 سالہ الطاف حسین ولد محمد رمضان کے نام سے کی گئی۔

علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے پیر سرہندی گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل 65 سالہ مظفر علی خان زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے۔

دریں اثنا کورنگی اور گلشن اقبال میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی اویس قرنی مسجد کوسٹ گارڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 28 سالہ ندیم ولد فجر دین کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن ، 2 موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی جب کہ ملزم کا ایک ساتھی رمضان عرف بنگالی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

اُدھر اثنا کورنگی پولیس نے لنک روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن میں سے 2 کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت رحمٰن ولد عالم ، حماد ولد نور اسلام اور احسان ولد ولی چاند کے نام سے ہوئی، جن کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن 2 موبائل فون ، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔ ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 13/D گیلانی ریلوے اسٹیشن کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کیا۔ ملزم کی شناخت 30 سالہ سبحان ولد شعبان کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون اور 3 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی ۔ ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

نبی بخش کے علاقے پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن ساؤتھ بلاک او مکان نمبر 373 کا رہائشی پولیس کانسٹیبل آصف ولد غلام حسین گھر میں اپنے ہی پستول کی پراسرار فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا۔پولیس تمام واقعات کی تحقیقات کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں