مون سون بارشوں کا سسٹم پاکستان داخل آندھی و گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی
مون سون بارشوں کے دوران بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں موسم شدید گرم رہے گا، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ملک بھر میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کی روانہ سیزن میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوچکا ہے، جمعرات سے کشمیر ،بالائی پنجاب، اسلام آباد اورصوبہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں جمعرات کی شام آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور بہاولنگر میں رات کو تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں مانسہرہ، صوابی، ایبٹ آباد اور ہری پور جبکہ سندھ ساحلی علاقوں ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور کراچی میں چند مقا مات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بلوچستان خضدار، قلات، بارکھان، لسبیلہ، تربت اور آواران میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔