چوہدری نثار کی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مذاکراتی کمیٹی کا حصہ بنانے پر مشاورت

دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک ماہ سے رابطے ہیں اور حالیہ ٹیلی فونک گفتگو بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، ترجمان عمران خان


ویب ڈیسک March 09, 2014
چوہدری نثار نے عمران خان کو سانحہ کچہری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ . فوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ بنانے پر مشاورت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے انہیں طالبان سے مذاکراتی عمل اور اسلام آباد کچہری واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو شامل کرنے کے سلسلے میں رائے بھی دریافت کی۔

عمران خان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے رابطے ہیں اور حالیہ ٹیلی فونک گفتگو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں دونوں شخصیات نے ملک کی موجودہ صورت حال، قیام امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور طالبان سے مزاکرات کے حوالے سے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے جمعرات کے روز طالبان سے مذاکرات کرنے والی 4 رکنی کمیٹی تحلیل کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں