بلاول بھٹو زرداری دن میں 4 بار تھرکی صورت حال کا پوچھتے ہیں وزیراعلیٰ سندھ

جاں بحق بچوں کے لواحقین کو فی کس 2 ، 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے, قائم علی شاہ

تھر متاثرین کی مدد کے لئے امدادی کاموں میں مشکلات کو جلد ہی دور کرلیا جائے گا، قائم علی شاہ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دن میں 4 مرتبہ ان سے تھر کی صورت حال کے بارے میں دریافت کرتے ہیں۔

تھر کے شہر مٹھی میں اعلی سطح کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کے متاثرین ہمارے بھائی ہیں ہم ان کے دکھ بانٹنا چاہتے ہیں، ہم اپنے آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتے ہیں اس سلسلے میں جو بھی کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کا ازالہ کریں گے لیکن اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ضلع میں نئی انتظامیہ آئی ہے امید ہے کہ وہ جلد ہی صورت حال پر قابو پالے گی۔


قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھر متاثرین کی مدد کے لئے امدادی کاموں میں کچھ مشکلات ہیں جنہیں جلد ہی دور کرلیا جائے گا۔ علاقے میں موبائل ڈسپینسریاں کام کررہی ہیں جبکہ کراچی سمیت دیگرعلاقوں سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی ہیں،اس کے علاوہ مال مویشیوں کو بچانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو فی کس 2 ، 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے، یہ امدادی رقم اسی ہفتے فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دن میں 4 بارتھرکی صورت حال کا پوچھتے ہیں، وہ مٹھی پہنچنے تک راستے میں ان کا 2 مرتبہ فون آیا اور متاثرین کے بارے میں دریافت کیا۔
Load Next Story