سابق آئی جی نے راؤ انوار کو 5 کروڑروپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا
سابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں مجھ پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے، اے ڈی خواجہ
June 30, 2022
ISLAMABAD:
سابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سابق پولیس افسر راؤ انور کو 5 کروڑ روپے کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا.
سابق آئی جی سندھ اور موجودہ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد اے ڈی خواجہ نے سابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر راؤ انوار کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا جس میں انہیں عائد کردہ الزامات کی وضاحت کے لیے 14 دن کا وقت دیا ہے۔
اے ڈی خواجہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ راؤ انوار نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں مجھ پر جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں جبکہ انھوں نے میرے بارے میں توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کی جانب سے لگائے گئے جھوٹے الزامات کی وجہ سے میری ساکھ نقصان کو پہنچا اور اہلخانہ کو بھی ان الزامات سے خطرات کا سامنا ہے۔ اے ڈی خواجہ کے جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ راؤ انوار فوری طور پر معافی مانگیں اور آئندہ ایسے الزامات سے باز رہیں۔