شہنشاہ بابر کے مقدر کا ستارہ نئی بلندیوں کو چھونے لگا

ٹی 20 کرکٹ رینکنگ پر سب سے زیادہ عرصے تک راج کرنے میں کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا،آئی سی سی کا باضابطہ اعلان

ون ڈے پر بھی حکمرانی کا علم لہرانے لگا، ٹیسٹ رینکنگ کو تسخیر کرنے کیلیے چند مزید بڑی اننگز درکار۔ فوٹو : اے ایف پی

شہنشاہ بابراعظم کے مقدر کا ستارہ نئی بلندیوں کو چھونے لگا جب کہ ٹی 20 کرکٹ رینکنگ پر سب سے زیادہ عرصے تک راج کرنے میں ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستان کے نوجوان کپتان بابراعظم اپنی شاندار اور مستقل مزاج کارکردگی سے جہاں دنیائے کرکٹ کو گرویدہ بنائے ہوئے ہیں وہیں رینکنگ پر راج کا سلسلہ بھی مسلسل دراز ہورہا ہے۔ ٹی 20 کے ٹاپ پر بابراعظم کی موجودگی نیا ریکارڈ قائم کرچکی۔

انھوں نے چند روز قبل ہی اس معاملے میں بھارت کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑدیا تھا، جس کی اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے باقاعدہ تصدیق بھی کردی، کوہلی نے ٹی 20 بیٹر رینکنگ کے ٹاپ پر 1013 دن گزارے تھے جبکہ بابراعظم کی حکمرانی کو 1028 دن بیت چکے ہیں ، وہ اپنی محنت اور لگن سے اس بادشاہت کو مزید طول دینے میں مصروف ہیں۔


پاکستانی کپتان اس وقت ٹی 20 کے ساتھ ون ڈے کے بھی نمبر ون بیٹر ہیں، وہ پہلے ہی کھیل کے تینوں فارمیٹس میں ایک ساتھ نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکے تاہم فی الحال ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ طویل فارمیٹ کھیلنے کے کم مواقع بھی ہیں ، چند بڑی اننگز انھیں اس طرز کی حکمرانی سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی فراہم کرسکتی ہیں جہاں پر اس وقت انگلینڈ کی قابل بھروسہ رن مشین جو روٹ موجود ہیں، بابر ان سے 84 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں، دوسرا اور تیسرا نمبر آسٹریلیا کے مارنس لبوشین اور اسٹیون اسمتھ نے سنبھال رکھا ہے، ویراٹ کوہلی اس محاذ پر اب دسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے اگلے بہترین رینکڈ بیٹر اظہر علی ایک درجہ ترقی پاکر اب 17واں نمبر سنبھال چکے، محمد رضوان کی 19 اور عابد علی کی 24 ویں پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ سے سیریز میں عمدہ بیٹنگ کا صلہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو 4 درجے ترقی کی صورت میں ملا جس سے وہ اب 12 ویں نمبر پر پہنچ چکے ، ہیڈنگلے میں 55 اور 88 رنز ناٹ آئوٹ نے ٹام بلنڈیل کو 11 درجے کی جست لگوا کر 20 ویں درجے پر رسائی دلا دی۔

ٹیسٹ بولرز میں پاکستانی شاہین شاہ آفریدی بدستور چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں، حسن علی کا 15 واں نمبر ہے۔ سرفہرست ٹیسٹ بولر کا اعزاز بدستور آسٹریلوی پیٹ کمنز کے پاس ہے، تازہ ترین رینکنگ میں ٹاپ 17 پوزیشنز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا ، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر 2 درجہ تنزلی کا شکار ہو گئے،اس سے ناتھن لائن اور پاکستانی محمد عباس نے ایک ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب 18 اور 19 واں نمبر سنبھال لیا۔

ٹی 20 رینکنگ میں بابراعظم کے بعد دوسرے نمبر پر محمد رضوان موجود ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے بعد تیسرے ٹاپ رینکڈ پاکستانی فخرزمان کا 46 واں درجہ ہے، بھارت سے 2 ٹی 20 میچز کی سیریز میں بہتر بیٹنگ کرنے والے آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر 55 درجے کی اڑان بھر کر 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ مختصر فارمیٹ میں بولنگ چارٹ کے ٹاپ پر آسٹریلوی جوش ہیزل ووڈ موجود ہیں، شاہین شاہ آفریدی کا 11 جبکہ شاداب خان کا 16 واں نمبر ہے۔
Load Next Story