ٹیم متحد ہے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھے نتائج دیں گےشاہد آفریدی

ایشیا کپ جیت کر آتے تو زیادہ خوشی ہوتی،وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت

انور علی،شرجیل خان اور فواد عالم بھی کراچی پہنچ گئے۔فوٹو:فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر اور اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ جیت کر آتے تو زیادہ خوشی ہوتی تاہم ٹیم متحد ہے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھے نتائج دیں گے۔



ایشیا کپ میں شرکت کےبعد وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ فام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں جو ٹیم اور ان کے لیے بہت ضروری ہے ،بنگلہ دیش سے ایشیا کپ جیت کر آتے تو زیادہ خوشی ہوتی،اس وقت ٹیم متحد ہے اور کوچ سمیت سب نے بھرپور ساتھ دیا جس کے باعث کھیلنے میں مزا آیا جبکہ بنگلا دیش کے عوام نے بھی بہت زیادہ سپورٹ کیا ہے۔


بھارت سے ہونے والے میچ کے حوالے سے اسٹار کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہدف مشکل تھا مگر اللہ نے جب عزت دینا ہوتی ہے توملتی ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے اس کے لیے اچھی پلاننگ کریں گے اور اچھے نتائج کی بھی امید ہے۔


شاہد آفریدی کے ساتھ قومی ٹیم کے دیگر تین کھلاڑی انور علی،شرجیل خان اور ایشیا کپ کے فائنل میں اپنے کیئریئر کی پہلی سنچری بنانے والے فواد عالم بھی کراچی پہنچے ہیں۔واضح رہے کہ قومی ٹیم نے ایشیا کپ کا فائنل سری لنکا سے کھیلا جبکہ شاہد آفریدی نے بھارت اور بنگلا دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

Load Next Story