ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شکست

زیادہ لوگوں کو اس بات پر اطمینان ہے کہ ٹیم کی شکست بھارت کے ہاتھوں نہیں ہوئی


Editorial March 09, 2014
سری لنکا نے ثابت کیا کہ وہ صحیح معنوں میں ایشیاء کپ کا حقدار ہے۔فوٹو:فائل

دفاعی چمپئن پاکستان بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ کے مقابلوں میں اپنے روائتی حریف بھارت کو شکست دے کر فائنل تک پہنچ گیا تھا مگر فیلڈنگ کی خامیوں کے باعث ہماری ٹیم سابقہ چمپئن سری لنکا سے ہار گئی۔ پاکستانی کرکٹ شائقین کو اس ہار پر افسوس تو ضرور ہوا مگر زیادہ لوگوں کو اس بات پر اطمینان ہے کہ ٹیم کی شکست بھارت کے ہاتھوں نہیں ہوئی۔ فائنل میچ میں سری لنکن کھلاڑیوں جے وردنے اور تھریمانے نے گرین شرٹس کے لیے حالات مشکل کر دیے، تیسری وکٹ کے لیے 156 رنز کی شراکت سے فتح کا راستہ بنا دیا، ہدف کے تعاقب میں تجربہ کار بیٹسمین نے 75 رنز بنائے، اوپنر نے سنچری داغ دی، دونوں کو فیلڈرز نے نئی زندگی دے کر آئی لینڈرز کا کام آسان کر دیا، ہمارے فیلڈرز نے کیچ گرائے اور رنز روکنے میں بھی ناکام رہے، گیند کے ساتھ میچ بھی ہاتھوں سے پھسلتا رہا، سری لنکا نے فائنل میں 5 وکٹ سے فتح حاصل کر کے دفاعی چیمپئن سے ایشیا کپ چھین لیا۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے پاکستان کی مہم ابتدا میں کمزور بنائی۔ ابتدا میں گرین شرٹس لیستھ ملنگا کی تیز بولنگ کے سامنے ثابت قدمی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں، اوپنر شرجیل خان نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں پیسر کو 2 چوکے مارے مگر آسان نظر آنے والی آخری گیند کو انتہائی غیر سنجیدہ انداز میں کھیلتے ہوئے کیچ تسارا پریرا کے ہاتھوں میں دیدیا، گزشتہ میچ کے سنچری میکر احمد شہزاد نے بھی موقع کی نزاکت کو نہ سمجھا اور مالنگا کی اگلے اوور میں باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کی غلطی کرتے ہوئے 5 کے انفرادی اسکور پر سنگاکارا کو کیچ دے بیٹھے۔اس کے بعد پاکستانی کھلاڑی دفاعی انداز میں کھیلنے لگے' اس وکٹ پر اسکور تین سو کے لگ بھگ ہونا چاہیے تھا لیکن پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کے باعث اسکور260 تک ہی رہا۔ سری لنکا کی ٹیم اس پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور ٹورنامنٹ کے آغاز میں بھی لیگ میچ میں اس نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ یوں سری لنکا نے ثابت کیا کہ وہ صحیح معنوں میں ایشیاء کپ کا حقدار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں