روپے کی بہ نسبت ڈالر مزید تنزلی سے دوچار
ڈالر کے انٹربینک ریٹ 205روپے جبکہ اوپن ریٹ 205 اور 204روپے سے بھی نیچے آگئے
آئی ایم ایف میں پروگرام میں شمولیت کے قریب آنے کے ساتھ دوست ممالک دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے بھی فنڈز کی منظوری جیسے اقدامات نے ڈالر کو بریک لگادیے ہیں۔
روپے کی نسبت ڈالر مزید تنزلی سے دوچار ہوا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 205روپے جبکہ اوپن ریٹ 205 اور 204روپے سے بھی نیچے آگئے۔
حکومت کی روس سے سستے داموں پر خام تیل کی خریداری کی تجویز پر عمل درآمد کی صورت میں آنے والے دنوں میں ملک کے درآمدی بل کے حجم میں نمایاں کمی سے ذرمبادلہ کے ذخائر کا حجم بہتر ہونے سے زرمبادلہ کی مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاروبار کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 63پیسے کے اضافے سے 205.75روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی لیکن اسکے چند لمحوں بعد کاروبار کے تمام دورانیہ ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 28پیسے کی کمی سے 204.84روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے طلبگاروں میں نمایاں کمی کے سبب ڈالر کی قدر مزید 1.50روپے کی کمی سے 203.50روپےکی سطح پر بند ہوئی۔