کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد سے زیادہ ہوگئی

بائیس سے 27 جون تک سندھ میں کورونا کیسز کی شرح 9 فیصد جبکہ کراچی میں 18.24 فیصد تک پہنچ گئی، بریفنگ

فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سندھ کے دارالحکومت میں کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور اب کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 18 اعشاریہ 24 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور پی ڈبلیو ڈی سندھ نے 29 جون کو سندھ میں کورونا کی صورت حال کے حوالے سے میٹنگ کی صدارت کی، جس میں مثبت کیسز کی شرح کے حوالے سے خوفناک اعداد و شمار سامنے آئے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب میں اضافہ ہورہا ہے، 22 جون سے 28 جون تک سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد جبکہ کراچی میں یہ شرح 18 اعشاریہ 24 فیصد تک پہنچ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا کے مثبت کیسز کی یہ شرح جون 2022 کے مہینے میں سب سے زیادہ ہے، جو آبادی کی صحت کے حوالے سے تشویشناک بات ہے۔


اقدامات

وزارتِ صحت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن اور بوسٹر ڈوز کے لیے لوگوں کو قائل کرنے کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں طے پایا کہ لینڈ لائن نمبر اور وائی فائی کی دستیابی کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفتر میں کال سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ ڈاکٹروں اور نرسوں کی ویکسین سینٹرز میں تعیناتی کی جائے گی، ڈیوٹی روسٹر کو صبح اور شام کی شفٹ میں تقسیم کیا جائے گا جبکہ محکمہ صحت اور کمیونٹی کے عملے کو آسان پیغامات کے ذریعے مختلف مشورے بھی دیے جائیں گے۔

اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی، وہ قریبی سینٹر پر جاکر دوسری خوراک لگواسکتے ہیں۔
Load Next Story