راہ چلتی خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ملزم گرفتار

ملزم اس سے قبل بھی خواتین سے زیورات چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا

گرفتاری کے لیے ویڈیو فوٹیج، نادرا ریکارڈ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا

راہ چلتی خواتین سے زیورات چھیننے اور ان کے کانوں سے بالیاں نوچنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں بزرگ خاتون کے کانوں سے بہیمانہ طریقے سے بالیاں نوچنے کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی بنیاد پر پولیس نے تکنیکی وسائل استعمال کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

آر پی او راولپنڈی عمران احمر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے ویڈیو فوٹیج، نادرا ریکارڈ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے گوجر خان، اڈیالہ روڈ، صادق آباد اور کھنہ پل کے علاقوں میں چھاپے مارے۔




پولیس کے مطابق ملزم عمران علی کو صادق آباد سے گرفتار کرلیا گیا، جو شکریال راولپنڈی کا رہائشی ہے اور تنہا ہی گلی محلوں میں ایسی وارداتیں کرتا تھا۔ ملزم اس سے قبل بھی خواتین سے زیورات چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ سابقہ وارداتوں کی فوٹیجز اور ریکارڈ بھی راولپنڈی پولیس سے حاصل کرلیا۔

گرفتار ملزم کی نشان دہی پر ایسے جیولرز کو تلاش کیا جا رہا ہے، جو اس سے چھینے گئے زیورات خریدنے میں ملوث ہیں۔
Load Next Story