پاکستان اور بھارت کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

بھارت کی مختلف جیلوں میں اس وقت 404 پاکستانی قید ہیں


آصف محمود July 01, 2022
قیدیوں کی تفصیلات کا تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کیاجاتا ہے۔

کراچی: پاکستان اور بھارت کے مابین جیلوں میں قید ایک دوسرے ملک کے شہریوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے، بھارت کی مختلف جیلوں میں اس وقت 404 پاکستانی قید ہیں جبکہ پاکستانی جیلوں میں قید بھارتی قیدیوں کی تعداد 682 ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت ہرسال یکم جنوری اور یکم جولائی کوایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں اور جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ قیدیوں کی تفصیلات کا تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کیاجاتا ہے۔

یکم جنوری کو دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی تفصیلات کا تبادلہ کیا ہے جس کے مطابق پاکستان میں اس وقت 682 بھارتی شہری قید ہیں جن میں 633 ماہی گیر جبکہ 49 عام شہری شامل ہیں جبکہ دوسری طرف بھارت کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 404 بتائی گئی ہے جن میں 309 عام شہری اور 95 ماہی گیر ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سزائیں مکمل کرنے والے پاکستانی شہریوں کو جلد سے جلد رہائی یقینی بنائے اور کورونا وبا کی وجہ سے پاکستانی قیدیوں کو سہولتیں مہیا کی جائیں۔

دوسری طرف بھارتی حکومت نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ 57 پاکستانی شہریوں کی شہریت کی تصدیق کرے تاکہ ان کی رہائی یقینی بنائی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی جیلوں میں ایسے قیدی موجود ہیں جن کا شہریت کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی نہیں ہو پا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں