بیوروکریٹس کے اندرون اور بیرون ملک کورس کیلیے جانے پر پابندی

ٹی اے ڈی اے کی مد میں ملنے والی 5 لاکھ روپے کی الگ سے فی کس بیوروکریٹس بچت بھی ہوگی


Bilal Ghori July 01, 2022
فائل : فوٹو

ISLAMABAD: حکومت نے ملکی مالی بحران اور قومی خزانے پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے گریڈ20 کے نیپا کورس پر جانے والے بیوروکریٹس کے اندرون ملک اور گریڈ21کے اسٹاف کالج میں جاری کورس پر گئے بیوروکریٹس کے بیرون ملک پندرہ روزہ مطالعاتی دورے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پابندی سے بیرون ممالک جانے والے بیوروکریٹس کو ٹی اے ڈی اے کی مد میں ملنے والی 5 لاکھ روپے کی الگ سے فی کس بیوروکریٹس بچت بھی ہوگی جبکہ اندرون و بیرون ممالک کے دورے ختم ہونے سے آئندہ سے کورس کی معیاد مدت بھی کم کر دی جائے گی۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر سے گریڈ21 سے مشروط اسٹاف کالج کے لیے تمام وفاقی و صوبائی محکموں سے آئے ہوئے بیوروکریٹس افسران اس مرتبہ جاری کورس کے دوران اور آئندہ سے بھی ملکی مالی حالات ٹھیک ہونے تک بیرون ممالک پندرہ روز کے لیے دوروں پر نہیں جایا کریں گے جبکہ اس وقت ملک بھر سے لاہور اسٹاف کالج میں آئے ہوئے تمام محکموں کے بیوروکریٹس کا گریڈ21 سے مشروط کورس جاری ہے اور وہ اس مرتبہ بیرون ممالک کسی بھی غیر ملکی دورے پر نہیں جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے ہونے والے اس فیصلے سے متعلق انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ملک بھر کے تمام صوبوں میں گریڈ20 سے مشروط جاری نیپا کورس میں شریک ہونے والے بیوروکریٹس کے بھی ملکی مالی بحران کے پیش نظر اندرون ملک ان کے بھی دورے ختم کر دیے گئے ہیں جس سے مالی اخراجات پر کافی حد تک کمی ہوگی اور بیوروکریٹس کے اندرون ملک بھی مختلف مقامات کے مطالعاتی دوروں پر آنے والے مالی اخراجات سے بچت ہوگی اور نیپا کورس میں شریک ہونے والے بیوروکریٹس کے کورس کی معیاد مدت آئندہ سے کم کر دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بیوروکریٹس کے اندرون و بیرون ممالک دورے ختم کرنے کا مقصد ملکی مالی بحران پر قابو پانا ہے اور جب تک ملکی مالی حالات بہتر نہیں ہوتے اس وقت تک افسران آئندہ سے کسی بھی کورس کے دوران کہی بھی دورہ نہیں کرسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں