سندھ پولیس کیلیے 100 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

فیصلہ پولیس پر حملوں میں اضافے اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے، ذرائع


Raheel Salman March 10, 2014
گاڑیاں بیرون ملک سے درآمد کی جائینگی،آئندہ ہفتے فنڈ منتقل کردیے جائینگے،77 کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے اور دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کو نشانہ بنانے کی وارداتوں میں اضافے کے بعد سندھ پولیس کے لیےB-6 لیول کی 100 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تمام گاڑیاں بیرون ملک سے درآمد کی جائیں گی ، خریداری اور درآمد کیے جانے تک گاڑیوں پر77 کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، اس ضمن میں سمری منظور کرلی گئی اور آئندہ ہفتے سندھ پولیس کو فنڈ بھی منتقل کردیے جائیں گے ، سینئر پولیس افسران کا کہنا ہے کہ بلٹ پروف گاڑیوں کی محکمے کوشدید ضرورت ہے ، تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سندھ اور وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ سندھ پولیس کو دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے جدید آلات سے لیس کیا جائے گا ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس سلسلے میں سندھ پولیس کے لیے B-6 لیول کی 100 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جوکہ کراچی پولیس کے حوالے کی جائیں گی ، ضرورت پڑنے پر گاڑیاں اندرون سندھ بھی استعمال کی جاسکتی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیاں خریدنے کا مذکورہ فیصلہ دہشت گردوں کی جانب سے کراچی پولیس پر حملوں میں اضافے اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ تمام بلٹ پروف گاڑیاں بیرون ملک سے درآمد کی جائیں گی جن پر 77 کروڑ روپے مالیت آئے گی ، اس ضمن میں سندھ حکومت نے سمری بھی منظور کرلی ہے ، سیکریٹری داخلہ کے دستخط کے بعد اب سمری سیکریٹری خزانہ کے دستخط کی منتظر ہے ، ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سمری پر دستخط کے بعد ایک ہفتے میں تمام فنڈ سندھ پولیس کو منتقل کردیے جائیں گے جس کے بعد خریداری کا عمل شروع کیا جائے گا ، اس سلسلے میں ممکن ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد ٹینڈر کیے بغیر ہی B-6 لیول کی 100 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا عمل مکمل کیا جائے گا ، ذرائع نے مزید کہا کہ درآمد کیے جانے کی وجہ سے ممکن ہے کہ منصوبے کی مالیت میں مزید اضافہ ہوجائے گا ، اس ضمن میں اعلیٰ پولیس افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں کراچی پولیس کی اشد ضرورت ہیں، پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنا اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے سے پولیس افسران و اہلکاروں کا مورال مزید بلند ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں