ملک کے پولنگ اسٹیشن ہی نہیں جمہوریت بھی یرغمال ہے سراج الحق

پاکستان کا معاشی نظام اب اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ مزید جنگ کرکے آگے نہیں بڑھ سکتا


ویب ڈیسک July 02, 2022
ملک کی تینوں بڑی جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے پولنگ اسٹیشن ہی نہیں، جمہوریت بھی یرغمال ہے۔ انتخابی اصلاحات پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے۔

گرین ٹاؤن لاہور میں ترازو کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کی تینوں بڑی جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں، پاکستان کا معاشی نظام اب اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ مزید جنگ کرکے آگے نہیں بڑھ سکتا۔پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت مہنگائی بانٹنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر اور مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام زمین پر گرے پڑے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود تھوڑی بہت قربانی دے دیتے ہوئے اپنی مراعات کم کرے۔ ملک سے نوٹوں، لوٹوں اور بوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جس مہنگائی کا آغاز ہوا، اتحادی حکومت نے اسے عروج پر پہنچا دیا۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہا کہ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ اللہ تعالیٰ سے گزشتہ گناہوں کی توبہ کر کے سودی معیشت کے بجائے اسلامی معاشی نظام کی طرف آنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے پولنگ اسٹیشن ہی نہیں، جمہوریت بھی یرغمال ہے۔ انتخابی اصلاحات ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے۔ جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں پروگریسو، جمہوری، ترقی پسند اور اسلامی جماعت ہے۔ عوام ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے ضمنی اور آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔ ملک میں اب جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔