بینرز اتارنے والوں عمران خان کو دلوں سے کیسے اُتارو گے فواد چوہدری

پاکستان کو غیرت مند لوگ چاہئیں جب کہ امریکا نے آپ جیسے ذہنی غلام اور امپورٹڈ ٹولے کو ہم پر مسلط کیا ہے


ویب ڈیسک July 02, 2022
(فوٹو : فائل)

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے بینرز اور پوسٹر اتارنے والوں عمران خان کو دل سے کیسے اتارو گے؟

اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات مکمل ہیں جلسے میں لاکھوں لوگ اس امپورٹڈ حکومت کے خلاف شرکت کریں گے، آج کا جلسہ ایک عظیم الشان اجتماع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں لوگ اس مہنگائی کے خلاف نکلیں گے چودہ سال میں پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح ہے، موجودہ حکومت نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے، اس مہنگائی کے خلاف پنڈی سے ریلی کی شکل میں اسلام آباد آئیں گے، ہمارے بینرز اور پوسٹر اتارنے والوں کو کہتا ہوں کہ عمران خان کو دل سے کیسے اتارو گے؟

یہ پڑھیں : پی ٹی آئی کا آج اسلام آباد میں جلسہ

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں کل کامیابی ملی ہے، پنجاب میں لوٹے اپنی مہم نہیں شروع کر پا رہے، بڑی جلدی دوتہائی اکثریت سے عمران خان وفاق میں ہوگا اور کوئی عمران خان کو نہیں روک سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان میں وہاں کی حکومت نے پیٹرول سستا کیا ہے، ہماری حکومت امریکا کی غلام ہے، امریکا کے سفیر کو ہمارے صدر کو فوری اپوائنمنٹ دینے کو کہا جاتا ہے اور ہمارے سفیر کو چار چار ماہ وقت نہیں ملتا۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کو غیرت مند لوگ چاہئیں، ہمارے لوگ ذہنی غلامی کا شکار ہیں، امریکا نے آپ جیسے امپورٹڈ ٹولے کو ہم پر مسلط کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔