تاجروں کا عید تک کاروباری اوقات میں نرمی کرنے کا مطالبہ
جائز مطالبات پر حکومت نے توجہ نہ دی تو احتجاج کریں گے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران
ISLAMABAD:
آل پاکستان انجمن تاجران نے مطالبہ کیا ہے کہ عید تک کاروباری اوقات میں حکومت کی طرف سے عائد پابندی ختم کی جائے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے تاجر نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس ہوئے وفاقی حکومت سے پورے ملک میں عید تک کاروباری اوقات کار میں پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ وہ بھی سڑکوں پر نکل آئے، اتنی گرمی میں خریدار کا گھر سے نکلنا ممکن ہی نہیں، حکومت خریدار اور دکاندار دونوں کا احساس کرے۔
تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت سے کئی بار کہہ چکے ہیں کہ رات 9 سے 10بجے بجلی بند کر لیں پر کاروبار بند نہ کریں،توانائی بچانے کے نام پر معیشت کا بیڑا غرق نہ کیا جائے، کورونا کے دوران عید کے دنوں میں اوقات کار میں پابندی نہیں تھی۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے ہماری جائز بات پر توجہ نہ دی تو اگلے ہفتے احتجاج کا اعلان کریں گے۔