عمران خان نے بغیر اجازت ریلی نکالی مقدمہ درج ہوگا وزیرداخلہ

پی ٹی آئی کو عوام نے مسترد کردیا، جلسے کے لیے خیبرپختونخواہ سے سرکاری ملازمین کو لایا گیا ہے، رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک July 02, 2022
رانا ثنااللہ (فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے راولپنڈی میں بغیر اجازت ریلی نکالی جس پر اُن کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے راولپنڈی میں اجازت لیے بغیر ریلی نکالی جس پر اُن کے خلاف مقدمہ اور شہر میں نکلنے والے جلوسوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت پی ٹی آئی رات بارہ بجے تک پریڈ گراؤنڈ خالی کردے گی اور شرکا پرامن طور پر منتشر ہوجائیں گے، اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

مزید پڑھیں: اب کوئی جتھا اسلام آباد ڈی چوک نہیں آسکتا، وزیر داخلہ

رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کوشش کے باوجود بھی عوام کو جمع نہیں کرسکے، جلسے میں خیبرپختونخواہ سے سرکاری ملازمین کو لایا گیا جبکہ عوام نے شرکت نہیں کی، فواد چوہدری نے سوا لاکھ لوگوں کی ریلی کا دعویٰ کیا ہے مگر جلوس میں 1200 لوگ بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ریلی میں اتنے کم لوگ ہیں کہ انہیں سگنل پر روکنے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جلسے میں شریک پی ٹی آئی کے ایک کارکن کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس کا مطلب ہے کہ عمران خان صرف انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پریڈ گراؤنڈ جلسہ؛ پستول لے کر پنڈال میں داخل ہونے والا شخص گرفتار

رانا ثنا اللہ نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ عمران خان بھی اس بات سے واقف ہیں کہ مسلم لیگ ن 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 17 جولائی کو صرف چار سے پانچ نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں