تھر میں بھوک سے نہیں بیماریوں سے 43 بچے جاں بحق ہوئے شرمیلا

اپنا فرض ادا کریں گے، پرویز رشید، مسئلہ اتنا سنجیدہ نہیں، جتنا بنادیا گیا، ارباب غلام رحیم


Monitoring Desk March 10, 2014
اسد عمر، نصرت سحر، لیاقت جتوئی کی بھی ’ایکسپریس نیوز ‘کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ میڈیا کے نمائندے مٹھی شہر میں بیٹھے ہوئے ہیں جہاں جانا بے حد آسان ہے، تھرپارکر میں2365 گائوں ہیں، وہ چھاچھرو کے قریب کسی گائوں میں جاکر دکھائیں۔

ایکسپریس نیوز کی تھر کے بارے میں خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہاکہ تھرپارکر ایک ریگستانی علاقہ ہے وہاں جن علاقوں میں بارش نہیں ہوتی وہ ہجرت کرکے کسی قریبی گائوں میں چلے جاتے ہیں ان کی زندگی کا انحصار بارش اور مویشیوں پر ہے، یہ شکایت بھی سامنے آئی کہ تھرپارکر میں سارے جانور مر گئے، ایسا ہرگز نہیں، ہاں بیماری سے کچھ جانور ضرور مرے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ تھرپاکر میں چھ لاکھ جانور ہی مر گئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی اموات کے معاملے میں میں آپ کی معلومات درست کروا رہی ہوں، آپ کے بقول200 بچے مرے ہیں جبکہ میں 43کہتی ہوں، آپ اموات کی وجہ بھوک بتاتے ہیں جبکہ میں کہتی ہوں کہ بچے مختلف بیماریوں کی وجہ سے مرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابقوزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ میں شرمیلا سے اتفاق کرتا ہوں کہ مسئلہ اتنا سیریس نہیں ہے جتنا بنا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ تھر کی صورتحال انسانی المیہ ہے، مسئلے کے حل کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، جو افراد تکلیف میں ہیں ان کی اذیت ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم کسی بحث میں الجھے بغیر اپنا فرض سرانجام دیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ملک میں غریب کی جان کی کوئی قیمت نہیں، ملک میں کہیں بھی حالات ٹھیک نہیں لیکن حکمران میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے دو پاکستان بنا دیے ہیں ایک امیروں کا پاکستان ہے جس میں چند ہزار لوگ شامل ہیں دوسرا غریبوں کا پاکستان ہے جس میں کروڑوں پاکستانی شامل ہیں۔ مسلم لیگ( فنکشنل یی رہنما نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ کرپشن تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہے، مسلم لیگ(ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ تھر پارکر ہی نہیں سندھ میں اکثر جگہوں پر صحت کے حالات خراب ہیں، سندھ کے سابق وزیراعلیٰ لیاقت جتوئی نے کہا کہ تھرپارکر کے معاملات کی انکوائری کیلیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں