عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہوتے ہی وزیراعظم فوری پیٹرول سستا کردیں گے مریم نواز
قوم اطمینان رکھے جلد وہ دور آئے گا جب سب تین وقت پیٹ بھر کے کھانا کھائیں گے، مریم نواز کا انتخابی مہم میں خطاب
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر افسوس اور دل خون کے آنسو روتا ہے مگر اطمینان ہے کہ قوم کو قیمتیں بڑھنے کی درست وجہ معلوم ہے، عالمی مارکیٹ میں ایک ڈالر قیمت کم ہونے پر شہباز شریف اُسی روز پیٹرول سستا کردیں گے۔
لاہور کے علاقے دھرم پورہ میں حلقہ پی پی 158 ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں جانتی ہوں مہنگائی ہے مگر ہم نے بہت مجبوری میں قیمتیں بڑھائیں، اگر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہ ہوتا تو کبھی قیمت نہ بڑھتی، آپ کو آج جن تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اُن سے آپ کو نکالنے کے لیے جان لڑا دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ امریکا میں مہنگائی ہے، ایک روٹی کھا لو یا گھبرانا نہیں ہے کیونکہ میں اتنی سنگ دل نہیں ہوں البتہ اس بات کی خوشی ہے کہ وہ وقت جلدی آئے گا جب سب تین وقت کی روٹی پیٹ بھر کر کھائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے 2013 میں لوڈشیڈنگ کو مکمل ختم اور 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا مگر عمران خان نے ملک کو اندھیروں اور آئی ایم ایف کے چنگل میں دوبارہ سے بری طرح پھنسا دیا، آپ بھروسہ رکھیں کہ انشاء اللہ آپ کے خادم ملک کو دوبارہ اندھیروں اور تمام مسائل سے باہر نکال دیں گے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ 'شہباز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں ایک ڈالر بھی تیل کی قیمت کم ہوئی تو حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردیں گے'۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تہجد کے وقت اٹھ کر ورزش اور پھر فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد عوام کی خدمت شروع کردیتے ہیں جبکہ فتنہ خان کی صبح بارہ بجے ہوتی تھی، ان ہی نالائقیوں کی وجہ سے ملک مسائل میں گھر کیا جس کا خمیازہ عوام کو آج بھگتنا پڑ رہا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، موٹر وے تھے جبکہ فتنہ خان کے منصوبے فرح گوگی، منی گالہ اور پنکی پیرنی ہیں۔
'حمزہ شہباز کل ریلیف دینے جارہا ہے'
مریم نواز نے کہا کہ 'پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حمزہ شہباز کل اہم پریس کانفرنس کرے گا جس میں وہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بھی اعلان کرے گا'۔
'شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کو چلینج کے طور پر قبول کیا'
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ 'عمران خان کہتا ہے کہ میں نے اتنی تباہی مچائی اور خرابیاں پیدا کیں انہیں کوئی درست نہیں کرسکتا مگر یہ جانتا نہیں کہ اس کا واسطہ نواز شریف کے آزمائے ہوئے بازو شہباز شریف سے پڑا جنہوں نے کرسی کو چلینج کے طور پر قبول کیا اور اب ہم سب کچھ ٹھیک کر کے دکھائیں گے'۔
'عمران خان سے بڑا پنجاب کا دشمن کوئی نہیں ہے'
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت میں صبح صبح سڑکیں صاف ہوجاتی تھیں، اسپتالوں میں مفت دوائیاں دی جاتی تھیں مگر اب سڑکوں پر کچرا جمع ہے اسپتالوں کی حالت بھی بدترین ہوگئی، یہ عمران خان نے پنجاب سے بدلہ لیا کیونکہ وہ پنجاب کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اس نے پنجاب میں کرپشن کرنے کے لیے فرح گوگی جیسی کٹھ پتلیاں رکھی ہوئیں تھیں جنہوں نے اندھیر نگری مچائی، وہ پنجاب کا پورا صوبہ کھا گئی اور پنکی پیرنی اُسے بچی کہہ رہی ہیں'۔