افغانستان سے اشیا کی درآمد پاکستانی کرنسی میں کرنے کی منظوری کا امکان

بدھ کو ای سی سی کے اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے


ویب ڈیسک July 04, 2022
پاک افغان سرحد پر تجارت کی ایک فائل فوٹو

حکومت کی جانب سے افغانستان سے پاکستانی کرنسی میں اشیاء درآمد کرنے اور یوٹیلٹی اسٹورز کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بدھ کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ دستیاب دستاویز کے مطابق اجلاس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔


اجلاس میں افغانستان سے پاکستانی کرنسی (روپے) میں درآمدات کی منظوری کا امکان ہے جس کے لیے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔


علاوہ ازیں اجلاس میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن گندم درآمد کی منظوری، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے مارک اپ کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ لمپی اسکن بیماری کی وجہ سے نیشنل ڈیزیز ایمرجنسی کے نفاذ پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزارت اقتصادی امور اور وزارت منصوبہ بندی کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری، بینک آف خیبر کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے مارک اپ کی ادائیگی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری سمیت مالی سال 2021-22 کے لیے ملنے والی غیر ملکی امداد کو استعمال کیلئے ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

ای سی سی کے اس اجلاس میں مالی سال 2021-22ء کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے نظر ثانی شدہ تخمینہ جات کے تحت 193 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں