پنجاب حکومت کا 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں سے بل نہ لینے کا اعلان
گزشتہ چھ ماہ تک جن گھروں میں 100 یونٹ تک بجلی استعمال ہوئی آج سے ان کا بجلی کا خرچ پنجاب حکومت اٹھائے گی، حمزہ شہباز
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں گزشتہ چھ ماہ تک 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے بل معاف کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ن لیگ کے پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آج بجلی کا بل قیامت ڈھاتا ہے، پنجاب بھر میں 100 یونٹ استعمال کرنے والے 44 لاکھ خاندان ہیں یعنی صوبے کے ساڑھے 5 کروڑ عوام ماہانہ 100 یونٹ سے کم استعمال کرتے ہیں، حکومت پچھلے 6 ماہ میں 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کرے گی، آج سے پنجاب حکومت 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کا خرچہ اٹھائے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پنجاب حکومت مستحق افراد کو مفت میں سولر پینل بھی فراہم کرے گی تاکہ انہیں ہمیشہ کے لیے بجلی مفت مل سکے، حکومت عوام کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر کام کررہی ہے، ہم اسپتالوں میں ادویات بھی مفت فراہم کررہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے، 74 سال بعد بھی ملک دوراہے پر کھڑا ہے، نام اور عہدے انسان بھول جاتا ہے کام یاد رہ جاتے ہیں، ہمیں سسکتی معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غربت، مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، عمران خان کی طرح جھوٹی تسلیاں نہیں دوں گا، میں کبھی عمران نیازی کی طرح 90 دنوں میں سب کچھ کرنے کا دعویٰ نہیں کروں گا جب تک میں پنجاب میں وزیراعلی ہوں تب تک میں سچ کہوں گا، گزشتہ حکومت نے پنجاب کے ساتھ کھیلا، گزشتہ تین ماہ پنجاب میں آئینی بحران رہا، چور، ڈاکو، کرپٹ کرپٹ کے نعرے سن سن کر عوام کے کان پک چکے ہیں لیکن میں کسی کو چور اور ڈاکو کہہ کر نہیں پکاروں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے گندم پر 200 ارب کی سبسڈی دی، ہم نے 10 کلو کے آٹے پر 160 روپے ریلیف دیا اور عوام کو مزید سہولیات بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بتائے کہ 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت گئی تو کیا اس وقت ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 نہیں تھی؟ کیا تب لوڈ شیڈنگ صفر نہیں ہو گئی تھی؟ ان 4 برس میں ایسا کیا ہوا کہ معیشت منفی شرح میں چلی گئی اور لوڈ شیڈنگ دوبارہ ہو رہی ہے۔