لِنڈسے لوہان نے کویتی بزنس مین بدر شماس سے شادی کرلی
امریکی اداکارہ وگلوکارہ نے بزنس مین کے ہمراہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بتایا کہ یہ میرے شوہر ہیں
معروف امریکی اداکارہ وگلوکارہ لنڈسے لوہان نے کویت کے بزنس مین بدر شماس سے شادی کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لنڈسے نے گزشتہ سال 28 نومبر کو بدر شماس سے منگنی کی تھی اور اب انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار وگلوکارہ نے اپنی 36 ویں سالگرہ سے چند گھنٹوں قبل انتہائی نجی تقریب کا انعقاد کرکے کویتی بزنس مین سے شادی کی۔
لنڈسے نے اپنے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ''میں دنیا کی خوش قسمت خاتون ہوں کہ بدر شماس نے مجھے تلاش کیا اور بہت حیرت ہوتی ہے کہ وہ میرے شوہر ہیں''۔
انہوں نے شوہر کو اپنی زندگی اور اپنا سب کچھ قرار دیا جس پر مداحوں نے بھی جوڑی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔