کراچی ائیرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی طیارہ 11 گھنٹے بعد روانہ

دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے


ویب ڈیسک July 05, 2022
ہنگامی لینڈنگ کرنے والے بھارتی طیارے کے مسافروں کوباہرنکلنے کی اجازت نہیں دی گئی:فوٹو:فائل

فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارت کی نجی ایئرلائن کا طیارہ 11 گھنٹے بعد روانہ ہوگیا۔

دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی طیارے بوئنگ 737 کے کپتان نے فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے جناح ٹرمنل رن وے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

اجازت ملنے پرکپتان نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا تھا، بھارتی طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔ مسافروں کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ابتداء میں مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، ہنگامی و تیکنیکی لینڈنگ کے بعد پی آئی اے انجینئرز نے کاک پٹ میں جاکر انجن اور آلات کی خرابی کی نشاندہی کرنے والے آلات کا معائنہ کیا۔

بھارتی اسپائیس جیٹ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسپائس جیٹ B737 ہوائی جہاز آپریٹنگ فلائٹ SG-11 (دہلی - دبئی) کو انڈیکیٹر لائٹ کی خرابی کی وجہ سے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا تھا جہاں طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایک متبادل طیارہ کراچی بھیجا جا رہا ہے جو مسافروں کو دبئی لے جائے گا تاہم متبادل طیارہ وقت پر نہ پہنچ سکا اور طیارے کی مرمت میں بھی ممکنہ تاخیر ہوئی تو بھارتی مسافروں کو لاونج میں منتقل کیا گیا۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ شام 6 بجے ایک متبادل طیارے نے کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیا تھا اور لگ بھگ 11 گھنٹے بعد بھارتی مسافر دبئی روانہ ہوگئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں