جیمز کیمرون کا اپنی مشہور زمانہ فلم ’ایواٹار‘ سے سبکدوشی کا عندیہ
ایواٹار سیریز کی تیسری فلم 2024 میں ریلیز ہوگی
کراچی:
ہالی ووڈ کے مقبول فلمساز جیمز کیمرون اپنی مشہور فلم 'ایواٹار 3' کے بعد کسی اور ڈائریکٹر کو ہدایتکاری کی ذمہ داری سونپنے کا سوچ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جیمز کیمرون ایک دہائی سے زائد عرصے سے اپنی 2009 کی بلاک بسٹر فلم 'ایواٹار' کے سیکوئلز کی تیاری میں مصروف ہیں اور فلمساز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مستقبل میں دیگر پروجیکٹس کے لیے ایواٹار فرنچائز سے سبکدوشی پر غور کر رہے ہیں۔
پہلی 'ایواٹار' کا سیکوئل، جس کا نام 'دی وے آف واٹر' ہے، 16 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ ایواٹار سیریز کی تیسری فلم کی شوٹنگ اسی کے ساتھ کی گئی اور یہ 2024 میں ریلیز ہونے والی ہے۔
اگرچہ کیمرون کے پاس ان دو فلموں کے بعد مزید 'ایواٹار' کے سیکوئلز کا منصوبہ ہے تاہم ہو سکتا ہے کہ وہ ان کی ہدایت کاری نہ کریں۔
تیسرے سیکوئل پر کام مکمل کرنے کے بعد فلمساز نے بتایا کہ وہ سیریز کو کسی اور ہدایت کار کو سونپنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایواٹار فلموں کی ہدایت کاری میں بہت وقت اور محنت صرف ہوتی ہے۔ میرے پاس کچھ اور بھی پروجیکٹس ہیں جس کیلئے میں تیاری کر رہا ہوں۔ لہٰذا اگلے ایواٹار سیکوئلز کی ہدایت کاری کی ذمہ داری کسی دوسرے ڈائریکٹر کو دینا چاہوں گا جس پر مجھے بھروسہ ہے تاکہ میں کچھ اور پروجیکٹس پر کام کر سکوں۔