لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والا شہری خوف کی وجہ سے موقع سے چلا گیا، جس کی تلاش جاری ہے، پولیس

ہلاک ڈاکو کے قبضے سے لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد (فوٹو فائل)

شہر قائد کے علاقے جمشید روڈ پر لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں پرنامعلوم شہری نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکوموقع پر ہلاک اور دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا موبائل فون ، نقدی اور گبول ٹاؤن سے چھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد کر لی۔ جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں ٹوٹل پیٹرول پمپ کے قریب 2 ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ ایک شہری نےفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو موقع پر ہلاک اور اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والا شہری خوف کی وجہ سے موقع سے چلا گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
Load Next Story