پی ٹی آئی کارکن کی معمولی تلخ کلامی پر جدید ہتھیار سے فائرنگ شہری زخمی

بنی گالہ میں شہری پر فائرنگ کرنے والا پی ٹی آئی کے کارکن کا جسمانی ریمانڈ منظور

فوٹو اسکرین گریپ

ISLAMABAD:
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب شہری پر فائرنگ کرنے والے ٹائیگرفورس اور پی ٹی آئی کے کارکن مثال خان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے قریب قریب ٹائیگر فورس کے مسلح افراد نے معمولی تلخ کلامی پر ایک شہری پر جدید ہتھیار سے فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا، جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے حراست میں لیے جانے والے پی ٹی آئی کے کارکن کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اُسے جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ کی عدالت میں پیش کیا جہاں تفتیشی افسر نے پوچھ گچھ کے لیے پانچ روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس پر معزز جج نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت نے گرفتار ملزم کو کل ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔


واضح رہے کہ ایک روز قبل بنی گالہ تھانے کی پولیس نے معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن مثال خان کو گرفتار کرلیا۔

بنی گالہ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت مثال خان کے نام سے ہوئی جو پی ٹی آئی کا کارکن ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص مثال خان کی مخالف سمت سے آنے والے شہری ولید عباسی سے تلخ کلامی ہوئی جس پر پی ٹی آئی کارکن نے اسلحہ نکال کر شہری پر فائرنگ کردی تھی۔

واقعے کے بعد مکینوں نے زخمی کو اسپتال پہنچایا اور کرال چوک بارہ کہو میں احتجاج کیا، جس پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ ملزمان نے معمولی تلخ کلامی پر ولید عباسی نامی شخص کی ٹانگ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔
Load Next Story