شمسی توانائی سے بجلی سستی اور مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا وزیراعظم

قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا۔


ویب ڈیسک July 07, 2022
قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا۔

MOSCOW: قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا۔

پالیسی کا نفاذ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا۔وزیرِاعظم ہاؤس اور وزیرِاعظم آفس کو ہنگامی بنیادوں پر ایک مہینے کے اندر شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا.

وزیر اعظم کی صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے. حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل بنائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا ایک صاف، سستا اور ماحول دوست ذریعہ ہے جس سے ڈسٹری بیوشن لاسز ، بجلی کی چوری اور گردشی قرضے جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، شمسی توانائی سے پیدا کی گئی بجلی سستی ہوگی اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پاکستان کی پہلی جامع سولر انرجی پالیسی سامنے لا رہے ہیں، جس کا نفاذ صوبوں کی باہمی مشاورت سے ہوگا۔

اجلاس میں ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن سے چلنے والے پاور ہاؤسز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، گیارہ KV کے2000 فیڈرز پر شمسی توانائی کی پیداوار کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں سرکاری عمارات کی شمسی توانائی پر منتقلی کی تجویز کے حوالے سے اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے 10 سالوں میں سرکاری عمارات پر 1000 میگاواٹ تک کے شمسی توانائی پیدا کرنے کے پلانٹس لگائے جائیں گے جو کہ BOOT (Build, Own, Operate, Transfer) کی بنیاد پر لگائے جائیں گے۔

مزید برآں B2B Solar Wheeling اور Mini Solar Grids کی تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک میں ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حکومتی فنڈنگ سے بلوچستان میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے جس کے ذریعے سے صوبے میں 30 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔اس منصوبے پر 300 بلین روپے کی لاگت آئے گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شہریوں کو شمسی توانائی پیدا کرنے کے پلانٹس، جن میں نیٹ میٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہو، مہیا کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔

زیراعظم نے سولر انرجی ٹاسک فورس کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام صوبوں کو ان تجاویز سے آگاہ کرکے ان کی رائے لی جائے او ر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ متبادل توانائی کے تمام منصوبوں میں صوبوں کی ہم آہنگی ہو ۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یکم اگست کو قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا تاہم اس پالیسی کا نفاذ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ہنگامی بنیادوں پر وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم آفس کی عمارات شمسی توانائی پر منتقل ہوجائیں گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں