پی اے سی کی نیب کو مالم جبہ بی آر ٹی خیبربینک اور بلین ٹری کیس کا ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت
پی اے سی کا چیئرمین نیب اور افسران کو اثاثوں کی تفصیلات 15 روز کے اندر جمع کرانے کا الٹی میٹم
ISLAMABAD:
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب کو مالم جبہ، بی آر ٹی بس سروس، خیبر بینک اور بلین ٹری پر ریفرنس دائر کرنے اور کیسز کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت ہوا، جس میں سابق چیئرمین نیب کی عدم شرکت پر اراکین برہم ہوئے اور آئندہ پیش نہ ہونے پر جسٹس (ر) جاوید اقبال کے وارنٹ یا اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے کا عندیہ دیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب کو مالم جبہ، خیبر بینک، بی آر ٹی اور بلین ٹری کی انکوائریز دوبارہ کھولنے اور ریفرنس فائل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین نیب اور نیب افسران کو اثاثوں کی تفصیلات 15 روز کے اندر فراہم کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا۔
مزید پڑھیں: ہراسانی کا شکار طیبہ گل نے ڈی جی نیب کی آڈیو ویڈیوز پی اے سی اجلاس میں چلادیں
علاوہ ازیں پبلک اکاونٹس کمیٹی نے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبا ل کیخلاف خاتون کو مبینہ ہراسگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے فوری ہٹا دیں۔