کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے تین افراد جاں بحق

بجلی کے تار ٹوٹ کر پانی میں گر گئے تھے اس دوران وہاں سے گزرتے ہوئے اسحاق کوکرنٹ لگا،علاقہ مکین

فوٹو:فائل

SUKKUR/KARACHI:
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، محمد علی سوسائٹی میں 15 سالہ نوجوان سڑک پر گرے ہوئے بجلی کے تار سے کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق محمد علی سوسائٹی شبیر آباد پیٹرول پمپ کے قریب کرنٹ لگنے سے نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی، متوفی کی شناخت 15 سالہ اسحاق ولد ذوالفقار کے نام سے کی گئی۔


ایس ایچ او بہادر آباد قربان علی نے بتایا کہ متوفی چھوٹے بھائی کے ساتھ پیٹرول لینے آیا تھا،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے تار ٹوٹ کر پانی میں گر گئے تھے اس دوران وہاں سے گزرتے ہوئے اسے کرنٹ لگ گیا، انھوں نے بتایا کہ متوفی محمد علی سوسائٹی کا ہی رہائشی تھا تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا نارتھ کراچی میں قائم ارسلان ہومز میں گھر کے آہنی کے دروازے سے 13 سالہ مزمل کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی۔

کورنگی کے علاقے سو کوارٹر مچھلی موڑ کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 65 سالہ سید مشرف جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کو گھر میں پانی کی موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ۔
Load Next Story