کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق
لائنز ایریا میں قربانی کے لیے لائے گئے دو جانور بھی کرنٹ لگنے سے چل بسے
ISLAMABAD:
شہر قائد میں شدید بارش کے دوران مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ایکسپریس نیوز کراچی میں گزشتہ چار روز سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اس دوران ناقص انتظامات اور کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث متعدد افراد و مویشی لقمہ اجل بن گئے۔
جمعہ کی صبح لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں گھر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت رقیہ زوجہ مبین کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً 38 برس تھی۔
اہل خانہ نے بتایا کہ رقیہ گھر کے اندر امور خانہ داری انجام دے رہی تھی کہ اسے بجلی کا کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی چل بسی۔
علاوہ ازیں منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ کے قریب بھی گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے تیئس سالہ رقیب اللہ ولد سردار خان جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی۔
دریں اثنا گارڈن کے علاقے گارڈن مارکیٹ میں بھی بجلی کے کرنٹ سے نوجوان کی جان لے لی ، لاش کو سول اسپتال لے جایا گیا جہاں متوفی کی شناخت بیس سالہ عبدالرحمن کے نام سے کی گئی۔
بعد ازاں بلدیہ مواچھ گوٹھ نور محلہ سبحان مسجد کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی ، جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں ںے سول اسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت 26 سالہ سویرا کے نام سے کی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہے کہ خاتون کو گھر میں کام کے دوران بجلی کا تار چھونے سے کرنٹ لگا تھا تاہم موچکو پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب لائنز ایریا میں قربانی کے لیے لائے گئے دو جانور بھی کرنٹ لگنے سے چل بسے ، بجلی کے تار پانی میں پڑے ہوئے تھے جس کے باعث پانی اور پول میں کرنٹ آگیا۔