مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شکر ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوگئیں، وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ چند دنوں میں عوام کوبہت بڑا ریلیف دیں گے اور فتنہ خان کے چودہ طبق بھی روشن کریں گے۔
پی پی 140 شیخوپورہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان الزام لگاتے اور گالیاں دیتے ہیں لیکن اپنی کارکردگی نہیں بتاتے۔
مریم نواز نے کہا کہ 'فتنہ خان' نے چار سال میں ایک منصوبہ نہیں لگایا اور وہ ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے جھوٹ بولتے ہیں لیکن کارکردگی صفر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں کالج ، یونیورسٹی، سڑکیں اور انڈر پاس نواز شریف نے بنائے جبکہ عمران خان اتنا بد قسمت ہے کہ چار سال میں کیے گئے کوئی کام نہیں گنواسکتے، پنجاب غریب ہوگیا، پنکی پیرنی اور فرح گوگی ارب پتی ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اںتخابات میں دھاندلی کیلیے 'مسٹرایکس' لاہور میں موجود ہے، عمران خان
مریم نواز نے کہا کہ فتنہ خان پنجاب کی مفت بجلی کے خلاف عدالت پہنچ گیا، 17 جولائی کے بعد عوام کے لیے بجلی فری کریں گے، غریب عوام کے منہ سے جونوالہ چھینا ہے فتنہ خان پنجاب تمہیں معاف نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 75سال میں عمران خان پہلا وزیراعظم تھا جسے اس کے اپنے لوگوں نے مارمار کر اسمبلی سے باہر نکالا، عوام 17جولائی کو عمران خان کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔