حصص مارکیٹ 27176 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

مقامی انسٹی ٹیوشنز کی خریداری، انڈیکس میں 284 پوائنٹس کا اضافہ، 385 میں سے 199 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter March 11, 2014
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران بروکر شیئر پرائسز بورڈ پر نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ بعض بروکر گفتگو کررہے ہیں، پیر کو کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی حصص مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہوگئی اور بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 27176.26پوائنٹس پر جاپہنچا ۔ فوٹو : آن لائن

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ اور بعض کثیرقوامی کمپنیوں میں بڑھتی ہوئی خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے تاریخ میں پہلی بارانڈیکس 27176 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

تیزی کے باعث 51.68 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 68 ارب90 کروڑ19 لاکھ44 ہزار452 روپے کا اضافہ ہوگیا، ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے توانائی بحران پرقابو پانے کے لیے متعدد انرجی پروجیکٹس ترتیب دینے اور طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں ممکنہ کمی کی توقعات پرمقامی انسٹی ٹیوشنز کی کیپٹل مارکیٹ میں دلچسپی بڑھ گئی ہے جس سے مارکیٹ کا گراف تیز رفتاری کے ساتھ بلندی کی جانب گامزن ہوگیا ہے

ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر327.49 پوائنٹس کے اضافے سے 27219 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچ گیا تھا لیکن ٹریڈنگ کے دوران غیر ملکیوں، مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنزکی جانب سے مجموعی طور پر85 لاکھ38 ہزار355 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے ایک موقع پر57.68 پوائنٹس کی مندی بھی واقع ہوئی تاہم اس دوران بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے23 لاکھ35 ہزار564 ڈالر اورمیوچل فنڈز کی جانب سے62 لاکھ2 ہزار792 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 284.03 پوائنٹس کے اضافے سے 27176.26 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس239.38 پوائنٹس کے اضافے سے 19786.29 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 695.33 پوائنٹس کے اضافے سے 45599.06 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 20.32 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ46 لاکھ84 ہزار30 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 385 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں199 کے بھاؤ میں اضافہ، 172 کے داموں میں کمی اور14 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ50 روپے بڑھ کر 8950 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ 28.51 روپے بڑھ کر598.85 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور فوڈز کے بھاؤ 475 روپے کم ہوکر 9025 روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ50 روپے کم ہو کر 7750 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں