چوہدری شجاعت نے پرویز الہیٰ سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا

سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت میں نہیں بدلنا چاہیے، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک July 09, 2022
(فوٹو، فائل)

کراچی: سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ سے کوئی اختلاف نہیں، روز ملاقات ہوتی ہے، نماز عید ساتھ پڑھیں گے۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی۔ ملاقات اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر ہوئی، بیرسٹر سلطان محمود نے چوہدری شجاعت سے خیریت دریافت کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ ق لیگ نے کہا اس وقت ہماری سیاست میں عجیب صورت حال ہے، آئے روز ویڈیو چلائی جاتی ہیں، بیرون ملک دنیا ہماری سیاست کو کیسے دیکھتی ہوگی۔

ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ میرا سلطان محمود سے پرانا تعلق ہے، کشمیر کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ ق لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، کیا میں نے اور پرویز الٰہیٰ نے کبھی ایک دوسرے کے خلاف کوئی بیان دیا ہے۔

سربراہ ق لیگ نے کہا کہ میرے اور پرویز الہیٰ کے درمیان اختلافات نہیں ہیں البتہ نظریاتی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، باپ بیٹے میں بھی نظریاتی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت میں نہیں بدلنا چاہیے، نئی نسل کے خیالات کا احترام کرنا چاہیے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت دور اندیش آدمی ہیں، بھارت کی طرف سے جو اقدامات اٹھائے گئے اس حوالے سے بھی شجاعت حسین سے رہنمائی لیتا ہوں، پاکستان میں جب بھی مشکل حالات آئے انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، چودھری شجاعت اور ان کے والد کی کشمیر اور پاکستان کے لیے قربانیاں ہیں۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جو ظلم و بربریت کی جا رہی ہے، یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا دی گئی، کشمیر کی جغرافیائی طور پر تبدیلی ہو رہی ہے، آئے روز وہاں نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں