عید کی رات کو ڈاکوؤں نے مویشی کے بیوپاری سمیت 2 افراد قتل کردیے

مقتول گھر سے عید کے لئے نئے جوتے خریدنے نکلا تھا

مقتول گھر سے عید کے لئے نئے جوتے خریدنے نکلا تھا

عید الضحیٰ کی رات کو ڈاکوؤں کے آپریشن میں تیزی آگئی، مویشی کے بیوپاری اور ڈمپر کے ڈرائیور کو فائرنگ کر کے قتل اور 4 افراد کو زخمی کر دیا اور لاکھوں روپے نقدی ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس شہر بھر میں لگنے والی غیر قانونی مویشی منڈیوں اور دیگر عارضی مارکیٹوں سے بھتے وصول کرنے میں مصروف رہی ، واردات کے بعد ملزمان کو فرار ہونے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔

شارع فیصل کے علاقے ڈالمیا روڈ پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دوران سفر خون زیادہ بہہ جانے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش نجی اسپتال لے جائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت غلام محمد ولد حاجی کے نام سے کی گئی ، مقتول قربانی کے جانوروں کا بیو پاری تھا۔

بکرے فروخت کر کے پیسے لے کر تھرپارکر گھر واپس جارہا تھا

واقعے کے وقت بکرے فروخت کر کے لاکھوں روپے کی رقم لے کر اپنے گھر اندرون سندھ تھرپارکر ڈسٹرکٹ اسلام کوٹ جارہا تھا کہ ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کر دیا ، گلشن معمار کے علاقے سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ ، جنجال گوٹھ کے قریب دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، مقتول کی شناخت 25 سالہ عبد القیوم ولد نور محمد کے نام سے کی گئی ، مقتول سپرہائی وے ملا عیسیٰ گوٹھ کا رہائشی تھا 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا ، آبائی تعلق وزیرستان سے تھا ، مقتول کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔


مقتول گھر سے عید کے لئے نئے جوتے خریدنے نکلا تھا

پیشے کے اعتبار سے ڈمپر ڈرائیور تھا ، مقتول گھر سے عید کے لئے نئے جوتے خریدنے نکلا تھا۔ مقتول کو کنپٹی پر ایک گولی ماری گئی تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پرشبہ ہے کہ عبدالقیوم کو ڈاکوؤں نے قتل کیا ہے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں ، سہراب گوٹھ کے علاقے سپرہائی وے الآصف اسکوائر کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔

زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ عبد الجبار ولد فتح محمد کے نام سے کی گئی۔

ٹیپوسلطان کے علاقے لال کوٹھی غیر ملکی فاسٹ فوڈ والی گلی میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور نقدی ، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے ، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر واقعے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 54 سالہ راجہ ویشان داس ولد نومیل کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ، سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹری D-5 امیرالمومنین امام بارگاہ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔

زخمی ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 60 سالہ نور احمد ولد چھوٹو خان کے نام سے کی گئی ، سعیدآباد کے علاقے بلاک اے مشرف کالونی میں پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ رجب علی ولد حالی گل کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story