ورلڈ ٹوئنٹی 20 نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی خدشات برقرار

انجانا خوف دل میں لیے کیویز پری ٹورنامنٹ ٹریننگ کیمپ کیلیے ابوظبی روانہ ہوگئے

کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر حفاظتی معاملات پر بریفنگ دی جائے گی، ایسوسی ایشن ۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے میزبان بنگلہ دیش کی جانب سے سخت سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود نیوزی لینڈ کے خدشات برقرار ہیں۔


انجانا خوف دل میں لیے کیویز ابوظبی روانہ ہو گئے، پری ٹورنامنٹ ٹریننگ کیمپ میں شرکت کے بعد بنگلہ دیش پہنچیں گے، پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ہیتھ ملز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی بریفنگ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گذشتہ برس جب بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا تو اس وقت سیاسی کشیدگی اپنے عروج پر تھی،اس لیے اسے میزبان بورڈ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانیوں پر بھی اعتبار نہیں آرہا، البتہ آئی سی سی کی ملنے والی کلیئرنس اور تمام ممالک کی جانب سے ایونٹ میں شریک ہونے کے اعلان نے بائیکاٹ نہ کرنے دیا،کیویزخوف کے سائے میں اپنے ملک سے روانہ ہوگئے، ان کی پہلی منزل ابوظبی ہے جہاں پر وہ پری ٹورنامنٹ کیمپ میں شریک ہوں گے۔

اس کے بعد وہ بنگلہ دیش کا رخ کریں گے جہاں پر میگا ایونٹ سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے ساتھ وارم اپ میچز ہونے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ہیتھ ملز کا کہنا ہے کہ گذشتہ مرتبہ جب ہم وہاں گئے تو حالات کافی خراب تھے، تین مرتبہ ہمیں اپنا ٹریننگ سیشن ختم کرنا پڑا تھا، ڈھاکا میں ہڑتال تھی جبکہ ایک بار ٹیم ہوٹل کی سیکیورٹی پر پیٹرول بم سے حملہ بھی کیا گیا تھا، ابھی تک ہمارے ذہنوں پر وہی خدشات سوار ہیں، انھوں نے کہا کہ اگرچہ آئی سی سی اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل پلیئرز ایسوسی ایشن نے بنگلہ دیشی سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا اس لیے اب ہمیں اپنی توجہ صرف کرکٹ پر ہی دینی چاہیے، پلیئرز کیلیے اس ٹور کے دوران روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
Load Next Story