پشاور میں اے این پی سینیٹر کے گھر پر دستی بم حملہ

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عوامی نیشنل پارٹی کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

(فوٹو فائل)

خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کریکر حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عوامی نیشنل پارٹی نے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کے گھر پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ ثمر ہاورن بلور نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پارلیمنٹ و قانون کی بالادستی اور آئینی حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی، اس قسم کے ہتھکنڈوں سے اے این پی رہنماؤں اور کارکنان کو ڈرایا نہیں جاسکتا۔


انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف حاجی ہدایت اللہ خان پر نہیں بلکہ پوری عوامی نیشنل پارٹی پر حملہ ہے، اے این پی اس دھرتی کی محافظ اور وارث جماعت ہے، جس نے قیام امن کیلیے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دیتی رہے گی۔

حاجی ہدایت اللہ نے بتایا کہ دین بہار کالونی میں واقع گھر کے احاطے میں بم گرتے ہی وہاں موجود اہل خانہ زمین پر لیٹ گئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس کے مطابق بم دیسی ساختہ تھا اور حملے میں کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا ۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوئے۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام کو ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لیے کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔
Load Next Story