انڈین ویلز ٹینس ٹوماسن بریڈ یچ اور سونگا کا قصہ تمام ہو گیا

جوکووک کی فتح،ویمنز میں سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی ناکام،آلیز کورنیٹ نے طویل ترین میچ میں کارلا سواریز کوہرادیا

انڈین ویلز ٹینس: پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا حریف پلیئر اینیکا بیک کی سروس کا انتظار کر رہی ہیں فوٹو : اے ایف پی

انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز میں ٹوماس بریڈیچ اور جوئے ولفریڈ سونگا کا قصہ تمام ہو گیا۔


تفصیلات کے مطابق 12 ملین ڈالر انعامی مالیت کے انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز سیکنڈ راؤنڈ مقابلوں میں 9 سیڈ فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا کو ہموطن جولین بینیٹو نے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا، انھوں نے 6-4 اور6-4 کے یکساں اسکور سے کامیابی پائی، فورتھ سیڈ ٹوماس بریڈیچ بھی ابتدائی آزمائش میں ناکام ہوگئے، انھیں اسپین کے ان سیڈڈ پلیئر روبرٹو بوٹیسٹا اگٹ نے دلچسپ مقابلے کے بعد 4-6،6-2 اور6-4 سے مات دی، واضح رہے کہ تمام سیڈنگ پلیئرز کا سفر دوسرے راؤنڈ سے شروع ہوا ہے، سیکنڈ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے باآسانی تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، انھوں نے رومانیہ کے وکٹر ہینسکو کیخلاف 7-6(7/1) اور 6-2 سے فتح پائی، جوکووک نے اس مقابلے میں تمام پانچوں بریک پوائنٹس بچائے، دیگر مقابلوں میں کروشیا کے مارن کلک نے اطالوی حریف پاؤلو لورینزی کو اسٹریٹ سیٹ میں6-2 اور6-2 سے قابو کرلیا،8 سیڈ فرنچ اسٹار رچرڈ گیسکوئٹ کیخلاف کورٹ میں اترنے والے روسی پلیئر تیموریز گاباشیلوی ابتدائی سیٹ میں 6-0 سے ناکام رہے، دوسرے میں ابتدائی 2گیمز ہارنے کے بعد وہ انجرڈ ہونے پر مقابلے کو جاری نہیں رکھ پائے، امریکا کے 12 سیڈ جون اسنر نے تجربہ کار روسی حریف نکولائی ڈیوڈنکو پر 7-6(7/5) اور6-3 سے غلبہ حاصل کرلیا۔

بیلاروسی کھلاڑی گریگور دیمیتروف نے ڈچ حریف روبن ہیس کیخلاف 6-4 اور6-3 سے فتح پالی، ارنسٹ گلبز نے پیراگوئے کے جوآؤ ساؤسا کو 6-3، 6-3 سے زیر کرلیا، چائنیز تائپے کے لو ین ہوشن نے 22 سیڈ جرمن کھلاڑی فلپ کوہل شریبر کو6-2 اور6-2 سے قابو کرلیا۔ ویمنز سنگلز تھرڈ راؤنڈ مقابلوں میں 2 بڑے اپ سیٹ ہوئے، 9 سیڈ سارا ایرانی کو کینیڈا کی جواں سال ایوگینے بوچارڈ نے 6-3 اور6-3 سے پچھاڑا، 13 سیڈ دوسری اطالوی کھلاڑی روبریٹا ونسی کی ہمت بھی اسی مرحلے پر جواب دے گئی، انھیں آسٹریلوی پلیئر کیسی ڈیلوکا نے 4-6،6-4 اور6-3 سے مات دی، سیکنڈ سیڈ پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے جرمنی کی اینیکا بیک کو 6-0،6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، امریکی پلیئر لورین ڈیویس نے پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے ہموطن وار ویرا لپچنکو کو 6-3 اور6-2 سے ہرایا، 6 سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کو 6-2،4-6 اور 6-4 سے زیر کرلیا، سربیا کی 7 سیڈ جیلینا جینکووچ نے سلواکین پلیئر میگدیلینا ریبریکووا کو6-3 اور6-2 سے ہرایا، سابق عالمی نمبرون اور 10 سیڈ کیرولین ووزینسکی نے قازقستان کی یارسلووا شیوڈووا کو 7-6 (9/7)،3-6 اور6-1 سے قابو کرلیا۔فرانس کی 22 سیڈ آلیز کورنیٹ نے 14 سیڈ اسپینش حریف کارلا سواریز کو 6-7(4/7)،7-5 اور6-3 سے پچھاڑ کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، یہ مقابلہ تین گھنٹے26 منٹ جاری رہا، یہ رواں سیزن میں اب تک ویمنز سنگلز کا دوسرا طویل ترین میچ تھا، اس سے قبل آسٹریلین اوپن میں ماریا شراپووا کوکیرن کینپ پر غلبہ پانے میں 3 گھنٹے28 منٹ لگے تھے۔
Load Next Story