کراچی میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق
دو مختلف واقعات نیو کراچی اور کورنگی کے علاقے میں پیش آئے
ISLAMABAD:
کراچی میں ہونے والی بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے کے واقعات میں مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف بھولا ہوٹل کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت شیعب ولد حسن علی کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او این کے آئی اے مختار پنہور نے بتایا کہ متوفی شخص بارش کے دوران گھر سے نکل کر کہیں جا رہا تھا جسے ہی گلی میں پہنچا تو کے الیکٹرک کے بجلی کے پول میں کرنٹ پھیلا ہوا تھا جس کے وجہ سے کرنٹ پانی میں بھی پھیل گیا تھا۔ متوفی شخص جسے ہی بجلی کے پول کے قریب سے گزرا تو اسے کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کےحوالے کر دی ہے۔
کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا سیکٹر فائیو میں واقع چمڑے کی فیکٹری کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
متوفی کی شناخت 18 سالہ اعجاز احمد ولد امیر جان کے نام سے کی گئی۔ متوفی نوجوان کے پی کے ضلع دیر کا رہائشی تھا، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔